ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / فرقہ پرست طاقتوں پر رائے اور قادر کا پلٹ وار۔۔۔قصور واروں کو سزا ملنی ہی چاہیے !

فرقہ پرست طاقتوں پر رائے اور قادر کا پلٹ وار۔۔۔قصور واروں کو سزا ملنی ہی چاہیے !

Tue, 11 Jul 2017 21:25:43  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو11؍جولائی (ایس او نیوز)جنوبی کینرا کے ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ابھی حال ہی میں اشرف اور شرتھ کاجو قتل ہوا ہے ، وہ محض فرقہ وارانہ بد امنی کا نتیجہ نہیں ہے ، بلکہ اسے بالکل منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا گیا ہے۔اس لئے میں قانون کے دائرے میں ہر وہ ممکنہ کوشش کررہا ہوں ، جو مجرموں کو گرفتار کرنے کے لئے ضروری ہے۔
مسٹر رائے نے کہا کہ وہ معصوم عوام کو تکلیف اور پریشانیوں میں دیکھ نہیں سکتے ، اس لئے جمعرات 12جولائی کو تمام منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک پیس میٹنگ منعقدکررہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اشرف اور شرتھ کے خاندان کو معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اورعلاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر قابو پانے کے لئے متعلقہ اعلیٰ افسران سے برابر گفتگو کررہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں اور وہاٹس ایپ پیغامات پر توجہ نہ دیں اور امن کا ماحول بنائے رکھیں۔
وزیر موصوف نے بی جے پی کے لیڈران پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ سدانندا گوڈا اور شوبھا کرندلاجے خواہ مخواہ ان کے اور وزیر غذا یوٹی قادر کے خلاف الزام تراشیاں کررہے ہیں اور بے بنیاد باتوں کے سہارے ان دونوں کو قتل اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے لئے ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔اصل بات بس اتنی ہے کہ بی جے پی کے یہ لیڈران ایسے ناخوشگوارماحول اور معصوم عوام کو پہنچنے والی تکلیف سے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا موقع ڈھونڈ رہے ہیں۔وہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میری تقریر یں اشتعال انگیز ہیں۔ لیکن نوجوانوں کا قتل اور پتھراؤ کی وارداتیں میری تقریر سے پہلے ہی رونما ہوچکی تھیں۔
رماناتھ رائے نے کہا کہ دفعہ 144کے باوجود آر ایس ایس کارکن شرتھ کی لاش کو جلوس کی شکل میں بنٹوال لایا گیا۔ یہی چیز ہم لوگ اشرف کے قتل کے بعد بھی کرسکتے تھے، مگر ہم نے امن و امان بحال رکھنے کو ترجیح دی تھی۔انہوں نے آر ایس ایس لیڈر کلاڈکا پربھا کر بھٹ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بی سی روڈ پر
شرتھ کے قتل کے خلاف احتجاج کو بھٹ نے جیت کے جشن میں بدل دیا تھا۔
وزیر غذا جناب یو ٹی قادر نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اپنی پارٹی کے اندر اپنی خود کی پوزیشن بنائے رکھنے کے لئے ان پر اور رماناتھ رائے پر بے جا الزم تراشی کرنے میں لگے ہیں۔یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے کہ کسی ذمہ دارانہ منصب پر فائز کوئی شخص اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ باتیں کرے۔ہر واقعے سے سیاسی فائد ہ اٹھانا ہمیشہ سے ان لوگوں کی عادت رہی ہے۔
یو ٹی قادر نے پاپولر فرنٹ آف انڈیاکے بھی خلاف بولتے ہوئے کہاکہ ان لوگوں نے اشرف کے قتل پر مجھے اور رائے کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور اب شرتھ کے قتل اور بگڑے ہوئے حالات کے لئے بھی ہمیں پر الزام لگائے جار ہیں۔ کس نے ہمارے بارے میں کیا کہاہم اس کو اہمیت دینا نہیں چاہتے ، بس ہم یہی چاہتے ہیں کہ ضلع کے عوام امن و حفاظت کے ساتھ زندگی گزاریں۔


Share: